ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / مسلمان ملک میں رہ کر ہمیشہ کی طرح ہمت اور ھوش سے کام لیں ۔ مولانا محمود مدنی کا خطاب

مسلمان ملک میں رہ کر ہمیشہ کی طرح ہمت اور ھوش سے کام لیں ۔ مولانا محمود مدنی کا خطاب

Wed, 28 Nov 2018 15:56:55    S.O. News Service

دیوبند، 28؍نومبر (ایس او نیوز) جمعیۃ علماء ہند نے ہندوستانی نوجوانوں کی بہتر صحت ، ذہنی نشوونما اور اپنی حفاظت کے ہنر سکھانے کے لئے اسکائوٹ گائڈ پروگرام کا گزشتہ دنوں آغاز کیا تھا، اس سلسلہ میں جگہ جگہ تربیتی کیمپ لگائے گئے جس میں نوجوان بڑی تعداد میں شرکت کرکے جذبہ حب الوطنی کو مزید بیدار کرنے کے ساتھ اپنی حفاظت کے ہنر سیکھ رہے ہیں ۔

اسی ضمن میں جمعیۃ علماء یونٹ ضلع سہارنپور کے زیر اہتمام جمعیۃ یوتھ کلب کی جانب سے ایک روورس اسکائوٹ مقابلہ جاتی کیمپ کا انعقاد سہارنپور کے اسلامیہ انٹر کالج کے احاطہ میں منعقد کیا گیا ۔ پروگرام کی صدارت جمعیۃ علماء ہند کے قومی جنرل سکریٹری مولانا سید محمود اسعدمدنی نے کی، نظامت کے فرائض مولانا فرید مظاہری نے انجام دیئے۔ پروگرام کا آغاز قاری اعجاز کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، کلام پاک اور اسکائوٹ گائڈ ٹرینر محمد دانش کی نعت پاک سے ہوا ۔

اس دوران مولانا سید محمود اسعد مدنی نے اپنے صدارتی خطاب میں اسکائوٹ گائڈ کے اغراض ومقاصد اور افادیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ضلع سہارنپور میں اسکائوٹ گائڈ کے عنوان سے جمعیۃ یوتھ کلب کا یہ پہلا پروگرام ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ اسکائوٹ گائڈ کا مقصد جسمانی ورزش ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ اسکائوٹ گائڈ آپ کی منزل نہیں ہے ، یہ تو صرف ایک راہ ہے۔ دراصل منزل تو وہ ہوتی ہے جو آپ کا راستہ بدل دے۔

مولانا محمود مدنی نے نوجوانوں سے کہا کہ اسکائوٹ گائڈ سے ہمیں یہ سیکھنے کو ملتاہے کہ ہم اپنے بارے میں بعد میں سوچ وفکر کریں اورپہلے دوسروں کی مدد اور رہنمائی کی فکر کریں۔ کیوں کہ یہی ہمارا ایمانی تقاضہ ہے اور نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام بھی ہے جس پر ہم سب کو عمل پیرا ہونا چاہئے اور یہ پیغام ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ہے، ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ ہم ان کی اولادیں ہیں جنہوں نے اپنی کشتیاں جلاکر واپسی کا راستہ بند کردیا تھا اسلئے آپ بھی جذبۂ حب الوطنی اور بہترین اخلاص کے ساتھ دوسروں کے ساتھ پیش آئیں تاکہ خدمت خلق کے جذبہ کو مزید تقویت مل سکے۔

محمود مدنی نے اسکائوٹ گائڈ کیمپ میں شرکت کرنے والے نوجوانو ں کو بتایا کہ ہندوستان میں اسکائوٹ گائڈ کا آغاز 1909میں ہوا ، بعد ازاں 1938میں اس کو عالمی سطح پر متعارف کرایا گیا ۔ اس سے قبل احمد عبداللہ اور ضلع سہارنپور کے جنرل سکریٹری سید ذہین احمد نے مشترکہ طورپر اسکائوٹ گائڈ سے متعلق بتایا کہ اس کیمپ میں اسکائوٹ گائڈ کی 9مختلف خصوصیات کو ذہن میں رکھ کر اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقابلہ جاتی پروگرام میں تین گروپ تشکیل دیئے گئے ،پہلا گروپ شیخ الہند گروپ، فدائے ملت گروپ اورتیسرا حجۃ الاسلام گروپ۔

اس پروگرام میں تینوں گروپوں میں الگ الگ پروگرام پیش کئے جو نہایت قابل تعریف تھے۔ مولانا فرید مظاہری نے بتایا کہ اس پروگرام میں متعدد مذاہب کے افراد نے شرکت کی، اس موقع پر جین مذہب اور جین سماج کے صدر راجیش جین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اسکائوٹ گائڈ کا پروگرام ملک کے ہر فرد کے لئے ایک پیغام ہے ، اسی طرح سکھ فرقہ سے تعلق رکھنے والے بلجیت کوچر نے پروگرام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب اس پر عمل پیرا ہوجائیں تو ہمیں ڈاکٹروں اور طبیبوں کی ضرورت پیش نہیں آسکتی۔

چرچ کمپائونڈ کے فادر جان ویسلی نے کہا کہ اسکائوٹ گائڈ کے ذریعہ ہم پورے ملک کو ایک دھاگہ سے باندھ سکتے ہیں ۔ سہارنپور شہر کے نائب شہر قاضی ندیم اختر نے کہاکہ ہمارے اکابرین نے حب الوطنی کے جذبہ سے سرشارہوکر مدارس ومکاتب قائم کئے تھے ،اب ان مدارس میں اسکائوٹ روورس پیدا ہورہے ہیں ،یہ بڑا انقلاب ہے، عالمی شہرت یافتہ یوگ گرو پدم شری بھارت بھوشن نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسکائوٹ گائڈ کی تاریخ بیان کی۔ انہوںنے کہاکہ یہ عزت حاصل کرنے کا ایک کامیاب نسخہ ہے کہ آپ لوگوں کا دل جیتیں ،اپنے اندر سچائی، ایمانداری، غمگساری اور دوسروں کی مدد کا داعیہ پیدا کریں اگرکسی قوم میں یہ وصف پیدا ہوجائے تو یہ اس کی بقا وسربلندی کی ضمانت ہے۔

اس موقع پر مولانا یعقوب بلند شہری، سابق ایم ایل اے عمران مسعود، قاضی شوکت حسین، اسمبلی رکن نریش سینی، مولانا ساجد، جمعیۃ یونٹ سہارنپور کے سکریٹری مولانا ابراہیم قاسمی، سشیل ٹنڈن ، منصور بدر، مولانا جنید، حافظ فیصل شاہ، چودھری مظفرعلی ، صالح احقر، شبیر شاد، شاہد زبیری، سعودبدر، سلیم احمد، محمد نعیم، محمد علی، توصیف احمد، گلشن تیاگی اور عبدالرب کے علاوہ بڑی تعدادمیں جمعیۃ علماء کے عہدیداران وکارکنان موجود رہے۔ پروگرام کوکامیاب بنانے میں مولانا محمد ابراہیم قاسمی اور سید ذہین احمد نے اہم رول ادا کیا۔ پروگرام کے اختتام پر کنوینر مولانا محمد فرید مظاہری اور سید ذہین احمد نے سبھی کا شکریہ ادا کیا۔


Share: